پی ٹی آئی کا ممکنہ دھرنا، سندھ پولیس کو اسلام آباد بھیجنے کا فیصلہ

49

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممکنہ لانگ مارچ اور دھرنے کے باعث سندھ پولیس کو اسلام آباد بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) سندھ کے احکامات پر 400 اہلکاروں کو اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے اور سندھ پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر سندھ پولیس کے 3 ہزار اہلکاروں کو وفاقی دارالحکومت میں بھیجا جائے گا۔ 
ذرائع کے مطابق سندھ میں سیلاب کے باعث اہلکاروں کو اسلام آباد بھیجنے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ سندھ پولیس کو نفری کی کمی بھی درپیش ہے جس کے باعث اہلکاروں کو اسلام آباد بھیجنے سے سندھ میں محکمانہ معاملات نمٹانے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ 
واضح رہے کہ وفاق نے پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ اور دھرنے کے پیش نظر تمام صوبوں سے 30 ہزار سے زائد پولیس اہلکار طلب کر رکھے ہیں لیکن خیبرپختونخواہ اور پنجاب کی اعلیٰ قیادت اپنی نفری اسلام آباد بھیجنے کے معاملے پر ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.