اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی کے حوالے سے پولیس سیکیورٹی آرڈر جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق ہائیکورٹ کے اندر ایف سی اور رینجرز اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے جاری سیکیورٹی آرڈر کے مطابق آج کی پیشی پر 2 ایس پیز سمیت 710 افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ سیف سٹی کے کیمروں کی مدد سے ہائیکورٹ کے گرد مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔
اس کے علاوہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر حفاظتی انتظامات کی ذمہ داری سکیورٹی ڈویژن کی ہو گی اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر ایف سی اور رینجرز کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔
سیکیورٹی آرڈر کے مطابق عدالت کے روف ٹاپ کے علاوہ تمام افسران اور اہلکار غیر مسلح ہوں گے، ہائیکورٹ کے باہر سیکیورٹی کی ذمہ داری ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر کی ہو گی اور ڈیوٹی پر تعینات کوئی بھی اہلکار موبائل فون استعمال نہیں کرے گا جبکہ وائرلیس کا استعمال بھی صرف ڈیوٹی کیلئے ہو گا اور غیر ضروری استعمال پر محکمانہ کارروائی ہو گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے اطراف خاردار تاریں لگا کر راستہ بند کر دیا گیا ہے، 500 شارٹ رینج اور 500 لانگ رینج آنسو گیس شیل اور شیلنگ والی بکتر بند گاڑیاں بھی موجود ہوں گی جبکہ پولیس لائنز میں 3 ہزار شیل اور گاڑیاں تیار کھڑی ہوں گی جو ہنگامی صورتحال میں طلب کی جا سکیں گی۔
تبصرے بند ہیں.