ملک سے جانے اور آنے والوں کیلئے کرنسی اور ممنوعہ اشیاءڈکلیئر کرنا لازمی

16

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بیرون ممالک جانے اور پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے بتدریج 5 ہزار اور 10 ہزار ڈالر سے زائد مالیت کی کرنسی اور دیگرممنوعہ سامان رکھنے پر کسٹمز ڈکلیئریشن لازمی قرار دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اس فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کسٹمز رولز میں ترامیم کی جا رہی ہیں اور متعلقہ دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کسٹمز رولز میں ترامیم کا مسودہ تیار کر کے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی آراءکیلئے بھجوادیا ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹیک ہولڈرز مجوزہ مسودے سے متعلق 7 دن کے اندر اپنی آراءاور اعتراضات و تجاویز دے سکتے ہیں جبکہ دستاویز کے مطابق مقررہ میعادکے بعد موصول ہونے والی تجاویز کو منظور نہیں کیا جائے گا اور گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے ترامیمی رولز لاگو کر دئیے جائیں گے۔ 
ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مجوزہ ترامیمی رولز میں پاکستان آنے والے اور پاکستان سے بیرون ممالک جانے والے مسافروں کیلئے کسٹمز ڈکلیئریشن فارم کا مسودہ بھی ساتھ منسلک کیا ہے۔
دستاویز میں درج ہے کہ پاکستان سے بیرون ممالک جانے والے مسافروں کو اپنے پاس موجود 5 ہزار ڈالر سے زائد مالیت کی کرنسی یا دیگر ممنوعہ اشیا کے بارے میں کسٹمز ڈکلیئریشن جمع کروانا ہو گا۔ 
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ یہ کسٹمز ڈکلیئریشن بیرون ملک روانگی سے قبل ’ الیکٹرانیکلی وی باک‘ کے ذریعے جمع کروایا جا سکے گا یا پھر روانگی کے موقع پر ائیرپورٹ پر مینوئیلی جمع کروانا ہو گا۔

تبصرے بند ہیں.