توہین عدالت کیس، عمران خان پر کل فرد جرم عائد ہو گی

31

اسلام آباد: خاتون جج کو دھمکیاں دینے پر توہین عدالت کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان پر کل فرد جرم عائد ہو گی جس کی سماعت کا سرکلر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے عمران خان کی توہین عدالت کیس میں کل عدالت میں پیشی سے متعلق ضابطہ اخلاق کا سرکلر جاری کر دیا ہے جس کے مطابق لارجر بینچ 22 ستمبر کو 2 بج کر 30 منٹ پر کیس کی سماعت کرے گا۔ 
سرکلر کے مطابق کمرہ عدالت نمبر ایک میں داخلہ رجسٹرار آفس کے جاری کردہ پاس سے مشروط ہو گا اور عمران خان کی لیگل ٹیم کے 15 وکلا کمرہ عدالت میں موجود ہو سکیں گے۔ اس کے علاوہ اٹارنی جنرل آفس اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 15 لاءافسران کے علاوہ 3 عدالتی معاونین کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہو گی جبکہ 15 کورٹ رپورٹرز کو کمرہ عدالت میں موجودگی کی اجازت بھی دی گئی ہے۔
سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ بار کے 5,5 وکلا کو کمرہ عدالت میں جانے کی اجازت ہو گی اور کمرہ عدالت میں آنے والوں کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا رجسٹرار آفس پاس جاری کرے گا۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ کورٹ ڈیکورم کو برقرار رکھنے کیلئے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس سیکورٹی انتظامات کرے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.