عمران خان نے پہلے سازش کا کہا، اب کہتا ہے میری پسند کا چیف لائیں: مریم نواز

25

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان نے پہلے سازش کا کہا ، اب آرمی چیف کا ایشو اٹھا رکھا ہے اور کہتا ہے میری پسند کا چیف لائیں ۔ اس شخص کا کہنا ہے آرمی چیف کو نواز شریف اور زرداری کو اپوائنٹ نہیں کرنا چاہئے ۔

 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کا طریقہ اداروں اور ججز کو للکار کر اپنا راستہ صاف کرنا ہے ۔ یہ بات نہ قوم کیلئے بہتر ہے اور نہ اداروں کیلئے اچھی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بہروپیے کی منافقت کو قوم کے سامنے پیش کرنا بہت ضروری ہے ۔ عمران خان نے کبھی پارٹی کو بتایا وہ خفیہ طور پر کس سے ملتے ہیں ۔ جب جنرل راحیل شریف نے اسے بلایا تھا تو وہ ہنستے ہوئے دھرنے سے نکل گیا ۔

 

لیگی رہنما نے کہا کہ کل جو اکھاڑ پچھاڑ کرا رہا تھا ، وہ آج کہتا ہے میرے ارکان کو کالز آرہی ہیں ، ان کی اس بات کی تردید کرتی ہوں ، اگر کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائیں ۔ قوم کو ڈرانا اور دھمکانا عمران خان کا طریقہ واردات ہے ۔ ہم نے قوم کو ثبوت بھی دیئے اور حقائق سے آگاہ بھی کیا ۔

 

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے اگر مطالبات نہ مانے جائیں تو جلانے گرانے کا کہتے ہیں ، وہ شخص کہتا تھا انقلاب کیلئے باہر نکل رہا ہوں لیکن رانا ثنااللہ کی وجہ سے وہ اسلام آباد میں انقلاب لائے بغیر نکل گیا ۔

 

انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے اداروں کو جلسوں میں للکارتے ہیں پھر ان کے پاؤں پکڑتے ہیں ، عمران خان میں ایکس وائے کا نام لینے کی ہمت نہیں ۔ ہمیں عمران خان کو چھوڑ کر پاکستان کو لاحق مسائل پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔

 

نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں جو اضافہ ہوا ہے اس سے عوام کو بہت زیادہ تکلیف ہے ۔ مہنگائی کی وجہ شہباز شریف نہیں بلکہ آئی ایم ایف کا وہ معاہدہ ہے جو عمران خان نے کیا ۔

 

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی چوری بھی پکڑی گئی تھی جس میں ہیروں کا ہار شامل ہے ۔ سچ جتنی دیر سے سامنے آئے وہ آتا ضرور ہے ۔ سچ اللہ تعالیٰ کی ذات ایک روز سامنے لاتی ہے ۔ جھوٹ مٹنے کیلئے ہے جو مٹ جاتا ہے ۔

 

 

 

 

 

 

تبصرے بند ہیں.