اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی کال پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں اور چیئرمین کی گرفتاری کے خلاف لائحہ عمل طے کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے صوبائی صدر پرویزخٹک کی زیر صدارت پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سینئر رہنماءاسدقیصر، نورالحق قادری، اعظم سواتی، علی امین گنڈاپور، عمر ایوب، شہریار آفریدی، عاطف خان، شوکت یوسفزئی، شہرام ترکئی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکاءنے چیئرمین عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جبکہ صوبائی وزیر محنت خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں اسلام آباد کے تمام داخلی راستوں کو بند کرتے ہوئے امپورٹڈ حکومت کی رخصتی تک دھرنا دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پارٹی رہنماؤں کے خلاف قائم جھوٹے وبے بنیاد مقدمات کی مذمت کرتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک اور پارٹی منظم کرنے کیلئے پارٹی عہدیداروں و یوتھ کے صوبائی صدور کا اجلاس کل اسلام آباد میں طلب کیا ہے۔
اجلاس میں قانونی پہلو، ملک کی سیاسی صورتحال و دیگر اہم معاملات زیر غور آئیں گے جبکہ اسلام آباد کی جانب مارچ اور دیگر اہم معاملات پر سنیئر قیادت سے مشاورت بھی کی جائے گی۔
Next Post
تبصرے بند ہیں.