پی ٹی آئی کے 11 ارکان کے استعفوں کی منظوری معطل نہیں کی: اسلام آباد ہائیکورٹ

74

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے وضاحت کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 11 ارکان کے استعفوں کی منظوری معطل نہیں کی بلکہ صرف ایک ممبر عبد الشکور شاد کی حد تک نوٹیفکیشن معطل کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رکن قومی اسمبلی عبد الشکور شاد کی استعفیٰ منظوری کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔
ہائیکورٹ نے وضاحت کی کہ عبد الشکور شاد کی حد تک الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا نوٹیفیکیشن معطل ہے ، درخواست گزار عبد الشکور شاد تھے اس لئے نوٹیفکیشن بھی ایک ممبر کی حد تک معطل ہے۔
چیف جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ سب کی حد تک تو نوٹیفکیشن معطل نہیں تھا جس پر وکیل نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن نے 11 ممبران کا اکٹھا نوٹیفکیشن کیا تھا۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن اکٹھا ہے لیکن صرف ایک ممبر کی حد تک نوٹیفکیشن معطل ہے اور اس کیساتھ ہی کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔ 

تبصرے بند ہیں.