اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کل 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے

6

اسلام آباد: اقوام متحدہ (یو این) کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس 9 سے 10 ستمبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق یو این سیکرٹری جنرل اپنے دورے کے دوران پاکستانی قیادت اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرنے کے علاوہ سیلاب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کا دورہ کریں گے اور سیلاب متاثرین سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دورہ متاثرین کی انسانی اور دیگر ضروریات کیلئے ہم آہنگ اور مربوط بین الاقوامی ردعمل کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ انتونیو گوتریس نے پاکستان کے فلڈ ریسپانس پلان کی فنڈنگ کیلئے 160 ملین امریکی ڈالر کی اقوام متحدہ کی ”فلیش اپیل“ کی فعال طور پر حمایت کی تھی۔ 

تبصرے بند ہیں.