دھانی کی فٹنس بہتر، رضوان کی ایم آئی آر رپورٹ آج موصول ہو گی

16

دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر شاہنواز دھانی کی فٹنس میں بہتری آ گئی ہے جبکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی ایم آر آئی رپورٹ کا انتظار ہے جس کے بعد ہی ان سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی کی فٹنس میں بہتری آئی ہے اور میڈیکل ٹیم ان کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ 
پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ایم آر آئی سکین کیلئے ہسپتال لے جایا گیا تھا اور ان کی رپورٹ آج موصول ہو گی جس کی روشنی میں کوئی فیصلہ کیا جائے تاہم محمد رضوان اس وقت بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایشیاءکپ میں پاکستان کے پاس رضوان کی عدم موجودگی میں کوئی سپیشلسٹ وکٹ کیپر موجود نہیں اور ان کی عدم موجودگی کی صورت میں خوشدل شاہ اور فخر زمان وکٹ کیپنگ کر سکتے ہیں۔ 
پاکستان ٹیم میں وکٹ کیپنگ کیلئے رضوان کے بعد دوسری چوائس محمد حارث ہیں جو پاکستان کے دورہ نیدرلینڈز میں تو ٹیم کے ساتھ تھے لیکن ایشیا کپ سکواڈ میں شامل نہ ہونے کی وجہ سے دبئی میں موجود نہیں ہیں۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر محمد رضوان انجری کا شکار ہو کر ایشیاءکپ سے باہر ہوتے ہیں تو قوی امکان ہے کہ محمد حارث کو دبئی طلب کر لیا جائے گا تاکہ دیگر کھلاڑیوں پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔ 

تبصرے بند ہیں.