آزادی اور امن شہداءکی بے مثال قربانیوں کے مرہون منت ہے: آرمی چیف

15

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ آزادی اور امن شہداءکی بے مثال قربانیوں کے مرہون منت ہے اور قوم ہمارے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر تمام مشکلات سے مادر وطن کے دفاع کیلئے پاک افواج کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔
دوسری جانب سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے یوم دفاع پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے۔
نیول چیف نے کہا کہ آج کا دن دشمن کی جارحیت کے خلاف پاکستانی قوم کے بے مثال اتحاد اور پختہ عزم کی یاد دلاتا ہے، آج کے دن ہی پوری قوم نے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دشمن کی جارحیت کو شکست فاش دی۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں آج یوم دفاع قومی اور ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور علی الصبح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ 
مساجد میں فوج کے شہدا کیلئے قرآن خوانی اور ملکی استحکام کیلئے دعائیں مانگی گئیں جبکہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں جبکہ مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی ہو گی۔ 
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جی ایچ کیو میں منعقد کی جانے والی 6 ستمبر کی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.