مون سون بارشوں اور سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 1314 ہوگئی: این ڈی ایم اے

19

لاہور: مون سون کی بارشوں اور سیلاب کی شدت تو کم ہو گئی لیکن اموات کا سلسلہ جاری ہے ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 24 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار تین سو چودہ تک پہنچ گئی جبکہ 12 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ۔

 

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی تازہ رپورٹ کے مطابق 14 جون سے جاری بارشوں اور سیلاب سے اب تک ایک ہزار تین سو چودہ افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں ۔ جن میں 458 بچے ، 262 خواتین اور 585 مرد شامل ہیں ۔

 

سندھ میں سب سے زیادہ 511 اموات ہوئیں ، جن میں 219 بچے اور 90 خواتین سیلاب اور بارشوں کی نذر ہو گئیں ۔ خیبر پختون خوا میں 289 اموات رپورٹ ہوئی ، بلوچستان میں 260 ، پنجاب 189 ، آزاد جموں کشمیر 42 اور گلگت بلتستان میں 21 افراد جاں بحق ہوئے ۔

 

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق زخمیوں کی تعداد 12 ہزار 703 تک پہنچ گئی ہے ۔ سندھ میں 8 ہزار 321 ، پنجاب میں 3 ہزار 844 ، خیبر پختون خوا میں 348 اور بلوچستان میں 164 افراد زخمی ہوئے جو مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔

 

 

تبصرے بند ہیں.