جہانگیر ترین کا سیلاب متاثرین کیلئے 10 کروڑ روپے امداد کا اعلان

16

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رہنما جہانگیر ترین نے ملک بھر کے سیلاب متاثرین کیلئے 10 کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کیلئے کاروباری اور مخیر حضرات آگے بڑھیں کیونکہ سیلاب سے متاثر لاکھوں پاکستانیوں کی مدد کیلئے ایک مشترکہ قومی کاوش کی ضرورت ہے۔
جہانگیر ترین کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان میں راشن، خیمے، ترپالیں، مچھر دانیاں، خواتین کے حفظان صحت کا سامان اور کیش امداد شامل ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں مزید 26 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 1 ہزار 290 تک پہنچ گئی ہے۔ 
نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کو آرڈی نیشن (این ایف آر سی سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں 26 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد 14 جون سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 290 ہو چکی ہے۔ 
رپورٹ کے مطابق سیلاب اور مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والوں میں 570 مرد، 259 خواتین اور 453 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 12 ہزار سے زائد ہے۔ قومی شاہراہ مدین این 95 بحرین اور لائیکوٹ کے درمیان بلاک ہے، سندھ میں قومی شاہراہ این 55 میہر جوہی نہر سے خیرپور ناتھن شاہ تک ڈوبی ہونے کے باعث بند ہے۔

تبصرے بند ہیں.