وزارت دفاع اور مسلح افواج کا سابق فوجیوں کی تنظیموں سے اظہار لاتعلقی 

36

اسلام آباد: وزارت دفاع  نے بعض سابق فوجیوں کی تنظیموں سے اظہارلاتعلقی کا اعلان کردیا ہے۔  وزارت اور مسلح افواج پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی اور ویٹرنز آف پاکستان جیسی تنظیموں کی سرگرمیوں کو تسلیم یا ان کی توثیق نہیں کرتیں ۔

 

ترجمان وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان تنظیموں کے خیراتی مقاصد، سیلاب زدگان کی امداد اورعوامی خدمت جیسی سرگرمیوں کا وزارت دفاع سے کوئی تعلق نہیں۔ تنظیموں کو مسلح افواج کی جانب سے بھی تسلیم نہیں کیا گیا۔ سابق فوجیوں کی ان تنظیموں کا مسلح افواج کی حمایت یا تسلیم کرنے کا دعوی ٰبھی حقائق کے منافی ہے۔

 

ترجمان کا کہنا ہے کہ مسلح افواج نے ایسی سوسائٹیوں کو نہ تو تسلیم کیا ہے اور نہ ہی اس کی اجازت دی ہے۔  وزارت دفاع کے سابق فوجیوں کی سوسائٹیوں کے امور کار بارے رہنما اصول واضح ہیں۔ اس سلسلے میں مستقبل کی مشاورت اور رہنمائی کیلئے وزارت دفاع میں یہ پالیسی دستیاب ہے۔ وزارت دفاع نے متنبہ کیا ہے کہ اس پالیسی اور  اصولوں کی خلاف ورزی قابل تعزیر جرم ہوگی ۔

تبصرے بند ہیں.