سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے میرا کی نیویارک میں لائیو پرفارمنس

34

لاہور: پاکستان کی نامور اداکارہ میرا نے سیلاب متاثرین کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کی غرض سے نیویارک میں لائیو پرفارمنس دی جسے سوشل میڈیا صارفین نے کافی پسند کیا ہے ۔

 

تفصیلات کے مطابق اداکارہ نے نیویارک کے علاقے بروکلین میں دلہن کی طرح سج کر پنجابی گانے پر ڈانس کیا جس کو دیکھنے والے نے خوب پسند کیا ۔ میرا نے یہ ڈانس پرفارمنس پاکستان میں آنے والے حالیہ سیلاب کی وجہ سے بے گھر ہونے والے افراد کیلئے چندہ جمع کرنے کیلئے کی ۔

 

اپنی پوسٹ میں میرا نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ دل کھول کر سیلاب زدگان کی مدد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی ایک خاندان کو اگر چھت مل جائے یا کوئی ایک خاندان بھی اس مشکل سے باہر نکل آئے تو میں ایک آرٹسٹ ہونے کے ناطے دنیا کے کسی بھی حصے میں پرفارم کرنے کیلئے تیار ہوں ۔

 

واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سیلاب کے باعث مزید 75 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں ، جس کے بعد اموات کی تعداد گیارہ سو چھتیس تک پہنچ گئی ہے ۔ ملک میں بارشوں اور سیلاب سے اب تک ساڑھے دس لاکھ مکانات متاثر ہوئے ، سات لاکھ پینتیس ہزار مویشی ہلاک ہوئے جبکہ 162 پل سیلاب میں بہہ گئے ہیں ۔ اس طرح سیلاب اپنے ساتھ انسان ، گھر ، پل ، فصلیں ، باغات ہی نہیں مہنگائی کم ہونے کی امیدیں بھی ساتھ بہا کر لے گیا ۔

 

 

 

تبصرے بند ہیں.