اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کل رات سیلاب متاثرین کیلئے بین الاقوامی ٹیلی تھون منعقد کریں گے ۔ٹیلی تھون کے ذریعے مخیر حضرات سے سیلاب متاثرین کیلئے چندہ جمع کیا جائے گا ،تحریک انصاف سیلاب متاثرین کیلئے جمع ہونے والی رقوم سے بھرپور امدادی سرگرمیاں عمل میں لائے گی ۔
سیلاب متاثرین کیلئے چندہ جمع کرنے اور بھرپور امدادی سرگرمیاں یقینی بنانے کا معاملے پر چیئرمین عمران خان کی زیرِصدارت بنی گالا میں اجلاس ہوا جس میں مرکزی سینئر نائب صدر فواد چودھری، ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور سینٹر سیف اللہ خان نیازی ،سینیٹر شبلی فراز، سینیٹر فیصل جاوید اور ڈاکٹر افتخار درانی شریک ہوئے۔
میٹنگ میں سیلاب متاثرین کیلئے کل کے بین الاقوامی ٹیلی تھون کی منصوبہ بندی پر خصوصی تبادلۂ خیال کیا گیا،ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب کی زد میں آنے والے شہریوں کو امداد کی فراہمی کی حکمت عملی پر بات چیت بھی کی گئی،کل کے ٹیلی تھون کے خدوخال اور عطیات کنندگان کی بڑی تعداد میں شرکت پر بھی گفتگو ہوئی۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی سربراہی میں تحریک انصاف کی خصوصی کمیٹی ضرورت کی بناء پر امداد کی فراہمی وتخصیص کے معاملات دیکھے گی ،بھرپور اشتہاری مہم کے ذریعے عوام کو امدادی سرگرمیوں کیلئے دل کھول کر عطیات جمع کروانے کی ترغیب دی جائے گی ،تحریک انصاف کے عمران ٹائیگرز چیئرمین کی خصوصی ہدایات پر عملاً امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
تبصرے بند ہیں.