وزیراعظم کا نوٹس، کوئٹہ میں بجلی، انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بحال

39

کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف کے نوٹس کے بعد سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بجلی، انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بحال کر دی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعد دیگر شہروں کی طرح کوئٹہ میں بھی بجلی اور انٹرنیٹ سروس معطل ہو گئی تھی مگر اسے بحال نہ کیا جا رہا تھا تاہم وزیراعظم کی جانب سے نوٹس لئے جانے پر اسے بحال کر دیا گیا ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کوئٹہ میں بجلی نہ ہونے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے پاور ڈویژن کو فوری طور پر بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ عوام کی مشکلات کو فی الفور حل کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے نوٹس کے بعد کوئٹہ میں بجلی، انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بحال ہو گئی تاہم کوئٹہ شہر اور گردو نواح میں گیس کی سپلائی تاحال معطل ہے جس کی وجہ سے عوام کو کھانا پکانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ 
واضح رہے کہ بلوچستان میں شدید بارشوں کے باعث کوئٹہ کا زمینی اور مواصلاتی رابطہ منقطع ہے جبکہ آج صبح سے فضائی آپریشن بھی معطل ہے جس کی بحالی سے متعلق تاحال کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ 
ذرائع کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں بجلی کا فراہمی معطل ہونے کے باعث موبائل فون کمپنیوں اور پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) اور انٹرنیٹ سروسز کا نظام بیٹھ گیا تھا۔ 

تبصرے بند ہیں.