لاہور ہائیکورٹ کا بجلی کے بل فیول ایڈجسٹمنٹ ٹیکس منہا کر کے جمع کرانے کا حکم

22

لاہور: بجلی کے ہوشربا بلوں کے ستائے عوام کیلئے خوشخبری ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے بجلی صارفین کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے فیول ایڈجسٹمنٹ ٹیکس منہا کرکے باقی بل جمع کرانے کا حکم دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور 14 ستمبر کو اسی نوعیت کی تمام درخواستیں یکجا کرکے مقرر کرنے کا حکم دیا ہے۔ 
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت نے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی جس سے بجلی کے نرخوں میں اضافہ ہوا جبکہ بجلی بلز میں فیول ایڈجسٹمنٹ قانونی تقاضوں کے مطابق نہیں، عدالت بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کرے۔ 
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تیل مہنگا منگوانے پر اگلے مہینے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز لگ کر آ جاتے تھے، جولائی اور اگست کے مہینوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی ہوئی مگر بجلی ترسیل کی کمپنیوں نے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز لگا کر بھیجے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) سے مشاورت کے بعد ہم نے ایک کروڑ 71 لاکھ صارفین پر عائد کئے جانے والے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کو ختم کر دیا ہے البتہ اچھی آمدن والے افراد کو فی الوقت ایف اے سی دینا پڑے گا، ہم اس پر نظرثانی کر رہے ہیں اور ہو سکتا ہے کہ مستقبل میں کوئی راستہ نکل آئے۔ 

تبصرے بند ہیں.