عمران خان نے کل کی تقریر میں قانون کی خلاف ورزی کی ہے: رانا ثناءاللہ

117

اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کل کی تقریر میں بہت ساری باتیں کی ہیں جو قانون کی خلاف ورزی ہیں ۔

 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کی جانب سے آئی جی اسلام آباد اور خاتون مجسٹریٹ کو کھلے عام دھمکیاں دی گئیں ۔ خاتون مجسٹریٹ کو ہائیکورٹ سے جو کیس بھیجا گیا اس پر جج صاحبہ نے کارروائی کی ، گھناؤنی سازش اور بیانیے کو ریاست کسی صورت قبول نہیں کرے گی ۔

 

انہوں نے کہا کہ سانحہ لسبیلہ کے شہدا کے خلاف پی ٹی آئی نے افسوسناک مہم چلائی ، عمران خان نے شہدا کے تقدس کو پامال کیا ۔ عمران خان کی قیادت میں چلنے والی مہم نے شہدا کے ورثا کو بھی تکلیف پہنچائی ۔ عمران خان کی جانب سے ریاست پر وہ الزامات لگائے گئے جو دشمن ملک نے بھی نہیں لگائے ۔

 

لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 10 دنوں سے شہباز گل کے معاملے پر تماشا لگایا ہوا ہے ۔ شہباز گل کا جو بیانیہ ہے اس میں شک نہیں یہ ملک دشمن ایجنڈا ہے ۔ 8 اگست کو شہباز گل کا بیانیہ ایک نجی چینل پر پیش کیا گیا ، شہباز گل نے بیانیے میں کہا فوج سپہ سالار کے حکم کو نہ مانے ۔ 10 اگست کو شہباز گل کو گرفتار کیا اور انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا ۔ شہباز گل کی نجی ٹی وی سے گفتگو طے شدہ تھی ، شہباز گل کا بیان عمران خان اور پی ٹی آئی کا بیانیہ ہے ۔

 

انہوں نے کہا کہ رہنما پی ٹی آئی پر پولیس نے کسی طرح کا کوئی تشدد نہیں کیا ۔ شہباز گل نے عدالت کے سامنے تشدد کی کوئی شکایت نہیں کی ۔ مسلم لیگ (ن) بطور جماعت کسی قسم کے تشدد اور ٹارچر کے سخت خلاف ہے ۔ ن لیگ کی حکومت اور جماعت کا مؤقف ہے کسی طرح کا ٹارچر قانون کی خلاف ورزی ہے ۔ کسی پر بھی جسمانی یا ذہنی تشدد کے مخالف ہیں اور اس کی مذمت کرتے ہیں ۔ عمران نیازی کے دور میں ہماری پوری لیڈرشپ نے ذہنی اور جسمانی تشدد کا سامنا کیا ۔

 

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عمران خان ڈرامہ کرنے سے پہلے ان چیزوں پر قوم سے معافی مانگ لیں جوان کے دور میں ہوئیں ، عمران خان کے ڈرامے کو مزید تقویت دینے کیلئے بے شرمی اور بے حیائی سے کام لیا جا رہا ہے ۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے یہ الزام بھی لگایا کہ شہباز گل پر جنسی تشدد ہوا ہے ۔ شہباز گل کی طبیعت کسی بھی تشدد کی وجہ سے خراب نہیں ہوئی ، پی ٹی آئی اس ڈرامے کو تقویت دینے کیلئے بیان بازی کر رہی ہے ۔ پوری قوم نے اس ڈرامے کو مسترد کر دیا ہے اور ان کےخلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے ۔

 

 

 

 

 

 

 

تبصرے بند ہیں.