لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 12 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی پولیس کی درخواست منظور کی گئی اور عطاءاللہ تارڑ، رانا مشہود، اویس لغاری، سیف الملوک سمیت دیگر کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور پولیس نے وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ اور رانا مشہود سمیت 12 لیگی رہنماؤں کی گرفتاری کیلئے درخواست جمع کرائی تھی۔
پولیس کی جانب سے مجسٹریٹ کو جمع کرائی گئی درخواست میں عطا تارڑ، رانا مشہود، اویس لغاری اور سیف الملوک کھوکھر سمیت دیگر لیگی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری مانگے گئے تھے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہیں اور وہ دانستہ طور پر پیش نہیں ہو رہے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش مکمل کرنی ہے لہٰذا ان کی گرفتاری کی اجازت دی جائے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ اور رانا مشہود کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مارے تھے تاہم دونوں افراد گھر پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے گرفتار نہیں ہو سکے تھے۔
Next Post
تبصرے بند ہیں.