بینک ڈکیتی میں ملوث ملزمان گرفتار، 90 لاکھ روپے برآمد

7

لاہور: نارووال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بینک ڈکیتی میں ملوث ملزمان گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 90 لاکھ روپے کی رقم بھی برآمد کر لی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او نارروال انور سعید کنگرہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز تقریباً 10 بجے کے قریب پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال موصول ہوئی کہ ڈاکوؤں نے بینک کی کیش وین سے 90 لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گئے ہیں۔ 
ڈاکوؤں نے واردارت کے دوران مزاحمت کرنے پر وین کے دو سیکیورٹی گارڈز کو فائرنگ کرکے زخمی بھی کیا تھا، آر پی او گوجرانولہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری ٹیمیں تشکیل دینے اور ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کی تھی۔ 
ڈی پی او نارروال نے بتایا کہ چارج سنبھالتے ہی نارووال میں ڈکیتی کی بڑی واردات کو اپنے لئے ٹیسٹ کیس کے طور پر لیا اور سائنسی ٹیکنالوجی اور ماہر ٹیم کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کر لیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے محض 10 گھنٹوں میں مرکزی ملزمان سبطین اور راشد عرف منا کو گرفتار کر کے لوٹی ہوئی مکمل رقم مبلغ 90لاکھ روپے برآمد کر لی ہے اور ملزمان کے سہولت کاروں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.