حمزہ شہبازکی اکلوتی صاحبزادی سماویہ کی لندن میں طبیعت ناساز ہوگئی، قوم سے دعاؤں کی اپیل

143

لاہور (ابراہیم لکی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی اکلوتی صاحبزادی سماویہ کی لندن میں طبیعت ناساز ہو گئی ہے جس پر انہیں مقامی ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے اور اس وجہ سے حمزہ شہباز شریف کی لندن سے واپسی میں تاخیر ہو رہی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق 2019ءمیں سماویہ کی پیدائش کے وقت حمز ہ شہباز کوٹ لکھپت جیل میں قید تھے، بیٹی کی پیدائش پر شریف خاندان بہت خوش تھا اور وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز انتہائی خوش تھیں، جب سماویہ کی پہلی سالگرہ تھی تو دادا وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز نے بہت خوشیاں منائیں۔
سابق وزیراعلی حمزہ شہباز 4 اگست کو اپنی فیملی کو ملنے کیلئے لاہور سے لندن گئے جہا ں کچھ دن قیام کے بعد وطن واپس آنا تھا لیکن ان کی اکلوتی صاحبزادی سماویہ کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث واپسی میں تاخیر ہو گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ ان کی صاحبزادی لندن کے ایک مقامی ہسپتال میں داخل ہے جہاں اس کاایک آپریشن بھی ہواہے اور سماویہ کی طبیعت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ سماویہ پیدائش کے وقت سے دل کے عارضہ میں مبتلا ہے اورڈاکٹرزکی ہدایات کے بعد اس وقت بھی سماویہ کی سرجری ہوئی تھی۔
دوسری جانب حمزہ شہبازکی لندن سے واپسی میں تاخیرکے باعث پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کیلئے اپوزیشن لیڈرکی نامزدگی بھی التواءکا شکار ہے، ذرائع کے مطابق صاحبزادی کی صحت خراب ہونے کے باعث حمزہ شہباز کی لندن سے واپسی میں مزید تاخیر کا امکان ہے۔
بعض اطلاعات ہیں کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز ایک طرف اپنی بچی کے علا ج و معالجہ کے سلسلے میں مصروف ہیں اور دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ وہ لندن میں ہی قیام کریں گے اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے ساتھ ان کی وطن واپسی میں ان کے ہمراہ پاکستان آئیں گے۔

تبصرے بند ہیں.