حکومت شہباز گل پر دوبارہ تشدد کیلئے ریمانڈ لینا چاہتی ہے: فواد چوہدری

22

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز گل نے نجی ٹی وی پر جو کچھ کہا وہ سب کے سامنے ہے، ان پر پہلے بھی تشدد کیا گیا اور اب حکومت ان پر دوبارہ تشدد کرنا چاہتی ہے لیکن ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ، پوری پارٹی ان کے ساتھ ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں کے خلاف مقدمات بنانا رانا ثنااللہ کی پالیسی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ شہباز گل اوورسیز پاکستانی اور کمزور ہیں، اس لئے پکڑے گئے، ان پر پہلے بھی تشدد کیا گیا اور حکومت اب دوبارہ تشدد کرنے کیلئے ان کا ریمانڈ لینے کی کوشش کر رہی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ تشدد کی اجازت ہرگز نہیں دی جا سکتی اور پوری پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ان کے ساتھ ہے، یہ معاملہ جلد حل ہونا چاہئے، امید ہے کہ آج 2 بجے شہباز گل کی ضمانت منظور ہو جائے گی۔ 
سابق وزیر اطلاعات نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کے خلاف حکومت کا کیس کمزور ہے، اس لئے حکومت کے وکیل دلائل دینے کو تیار ہی نہیں ہیں۔ 

تبصرے بند ہیں.