لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ رانا ثناءاللہ اور دیگر کے خلاف تفتیش شروع کر دی ہے اور 25 مئی کے ملزمان کے خلاف 15 دن میں رپورٹ پیش کی جائے گی، آج عمران خان ایک بڑے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عطاءتارڑ اور رانا ثناءاللہ کو خوفزدہ ہونے کے بجائے پولیس کے سامنے پیش ہونا چاہئے، اگریہ بنی گالہ پر چھاپے ماریں گے تو جاتی امرا اور (ن) لیگ کی قیادت کے گھر بھی دور نہیں ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم سٹریٹ موومنٹ شروع کریں تو پانچ دن یہ حکومت نہیں چل سکتی، شہباز شریف الیکشن کا اعلان کریں تو فریم ورک پر بات کر سکتے ہیں، حکومت کا مطالبہ ہو گا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومت ختم کی جائے۔
سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کی دو صوبوں میں حکومتیں ختم کرنے کا کہا گیا تو پھر ہم سندھ حکومت ختم کرنے کی بات کریں گے، صوبائی حکومتیں ختم کرنے کی باتیں الیکشن فریم ورک ہیں، پہلے انتخابات کا اعلان تو کیا جائے۔
پی ٹی آئی کے لاہور جلسہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج لاہور کے شہریوں کے ساتھ مل کر آزادی کا جشن منانا چاہتے ہیں، آج کے جلسے میں خطاب کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان ایک بڑے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہبازگل نے گزشتہ روز مجسٹریٹ کے سامنے بیان دیا کہ انہوں نے وہ بیان خود دیا تھا،شہباز گل پر بہت دباؤ ڈالا گیا کہ وہ کہیں کہ یہ عمران خان نے کہا تھا،نہ کوئی میٹنگ ہوئی نہ کوئی بیان ہوا ، رانا ثناءاللہ کو قصے کہانیاں گھڑنے کا شوق ہے۔
تبصرے بند ہیں.