یورپی یونین کی پاکستان میں نئی سفیر ڈاکٹر ریناکیونکا کی وزیراعظم سے ملاقات

35

اسلام آباد: یورپی یونین کی پاکستان میں نئی تعینات ہونے والی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے آج وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس دوران یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ 
تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی کونسل کے صدر چارلس مشل اور کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین کے ساتھ اپنی حالیہ ٹیلیفون پر ہونے والی گفتگو کا حوالہ بھی دیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور یورپی یونین سیاسی اور سیکیورٹی ڈائیلاگ سے مزید ٹھوس تعاون کی راہ ہموار کریں گے۔ 
وزیر اعظم نے موجودہ جی ایس پی پلس سکیم کو پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی طور پر سودمند اور دونوں فریقین کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافے کی ایک بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان 2023ءکے بعد بھی اس انتظام کا حصہ بنے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کی 60 ویں سالگرہ کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تعلقات کے اس سنگ میل کو دونوں فریقین کی جانب سے مناسب طریقے سے منایا جانا چاہئے جبکہ انہوں نے پرامن اور مستحکم افغانستان کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ 
اس موقع پر یورپی یونین کی پاکستان میں سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے وزیراعظم کی جانب سے پرجوش استقبال کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کیلئے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

تبصرے بند ہیں.