ہیلی کاپٹر حادثہ پر سوشل میڈیا پر پاک فوج کیخلاف مہم، تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل

71

اسلام آباد: ہیلی کاپٹر حادثہ پر سوشل میڈیا پر پاک فوج کیخلاف مہم ، حکومت نے معاملے کی تحقیقات کیلئے 3 تفتیشی اداروں کی مشترکہ ٹیم تشکیل دیدی ۔

 

تفصیلات کے مطابق ٹیم کی سربراہی ڈی جی سائبر کرائمز محمد جعفر کریں گے ۔ مشترکہ ٹیم میں ایف آئی اے ، آئی بی اور آئی ایس آئی کے افسران شامل ہیں ۔ ٹیم میں ڈائریکٹر وقارالدین سید ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز ، عمران حیدر اور دیگر نمائندے شامل ہیں ۔

 

گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ پاک فوج کے شہدا کا مذاق اڑانے کی سوشل میڈیا مہم شرمناک اور خوفناک ہے ۔

 

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ہمارے شہداء کی قربانیوں کا تمسخر اڑانے اور انہیں برا بھلا کہنے کی سوشل میڈیا مہم صرف شرمناک ہی نہیں خوفناک بھی ہے ۔

 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ متکبر اور منافقانہ سیاسی نظریے کا یہی نتیجہ ہے کہ یہ کم سن ذہنوں میں زہر گھول کر بدتہذیبی کو ترویج دیتا ہے ۔ آخر ہمارا معاشرہ کس سمت جا رہا ہے ؟ ہمیں شدت سے خود احتسابی کی ضرورت ہے ۔

 

واضح رہے کہ پی ٹی آئی ٹرولز کی طرف سے سانحہ لسبیلہ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران کا مذاق اڑانے کے ساتھ ان کی تضحیک بھی کی گئی تھی ۔

 

 

تبصرے بند ہیں.