بیجنگ: تائیوان کو امریکی اسپیکر نینسی پیلوسی کا دورہ مہنگا پڑ گیا ، چین نے تائیوان کے گردو نواح میں فوجی مشقوں کا آغاز کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق جمہوری جزیرے تائیوان کے ارد گرد چھ علاقوں میں چین نے فوجی ، سمندری اور فضائی مشقیں بڑے پیمانے پر شروع کر دی ہیں ۔ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کا تائیوان کے دارالحکومت ‘ تائی پے’ سے روانگی کے چند گھنٹے بعد تائیوان کے چھ علاقوں میں براہ راست فائر مشقیں شروع ہوئیں جو 7 اگست تک جاری رہیں گی ۔
واضح رہے کہ نینسی پلوسی کے تائیوان کی پارلیمینٹ سے خطاب کے بعد چین نے امریکی سفیر نکولس برنز کو طلب کر کے سخت احتجاج ریکارڈ کرایا تھا ۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق چین کے نائب وزیر خارجہ زی فینگ نے نینسی پلوسی کے دورے کو شیطانی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کے نتائج سنگین ہوں گے اور چین خاموش نہیں بیٹھے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی اقدام جارحانہ نوعیت کا ہے جس کے انتہائی سنجیدہ نتائج ہوں گے ۔
چین کی وزارت خارجہ نے نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ’ایک چین‘ اصول کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پلوسی کا دورہ چین کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہے جس کا شدید اثر چین اور امریکہ تعلقات کی سیاسی بنیاد پر پڑے گا ۔
تبصرے بند ہیں.