پاک، چین افواج ’برادرز ان آرمز‘ ثابت ہوئے ہیں: آرمی چیف

20

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی افواج ’برادرز ان آرمز‘ ثابت ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات کی جڑیں گہری ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 95 ویں سالگرہ کی مناسبت سے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں چین کے سفیر اور چینی سفارت خانے کے حکام نے تقریب میں خصوصی شرکت کی اور چینی سفیر نے تقریب کی میزبانی پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ چینی سفیر کا کہنا تھا پاکستان اور چین میں برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک سٹریٹجک شراکت دار ہیں۔
چینی سفیر نے کہا کہ چین اور پاکستان کی مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس حال ہی میں منعقد ہوا جو باہمی تعلقات میں نئی پیش رفت ہے، پاک چین فوجی تعاون کے فروغ کیلئے نیا سیٹ اپ بنایا گیا ہے، یہ نظام فوجی رابطوں میں فروغ کیلئے اہم پلیٹ فارم ثابت ہو گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے چین کے دفاع، سلامتی اور قومی تعمیر میں پیپلز لبریشن آرمی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کی جڑیں گہری ہیں، پی ایل اے اور پاک آرمی برادرز ان آرمز ثابت ہوئے ہیں اور مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے درمیان ہر سطح پر تعاون جاری رہے گا۔

تبصرے بند ہیں.