کامن ویلتھ گیمز ویمنز ٹی ٹوئنٹی ، بھارت نے پاکستان کو ہرا دیا 

10

 

برمنگھم : کامن ویلتھ گیمز ویمنز ٹی 20 کرکٹ میں بھارت نے اہم میچ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر 2 قیمتی پوائنٹس حاصل کر لئے ، بھارت ویمنز نے 100 رنز کا ہدف 12ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، سمتری مندھانہ نے 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، پاکستان کو ایونٹ میں مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا.

 

اتوار کو برمنگھم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان خراب موسم کے باعث تاخیر سے شروع ہونے والا میچ 18 اوورز تک محدود کر دیا گیا ، پاکستان کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا .

 

قومی خواتین ٹیم مقررہ 18 اوورز میں 99 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، منیبہ علی 32 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں ، عالیہ ریاض 18، بسمہ معروف 17، ارم جاوید صفر، عمیمہ سہیل 10، فاطمہ ثناء 8، ڈیانا بیگ صفر، عائشہ نسیم 10، طوبیٰ حسن ایک اور کائنات امتیاز 2 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئیں ، بھارت کی سنیہ رانا اور رادھا یادیو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں .

 

جواب میں بھارت ویمنز نے مطلوبہ ہدف 11.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، سمتری مندھانہ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، انہیں میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، قومی ٹیم اپنا تیسرا میچ 3 اگست کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔

تبصرے بند ہیں.