اگر فنانشل ٹائمز کی رپورٹ غلط ہے تو عمران خان ان کیخلاف کیس کریں: زبیر عمر

13

اسلام آباد: رہنما مسلم لیگ (ن) محمد زبیر نے کہا ہے کہ اگر فنانشل ٹائمز کی رپورٹ غلط ہے تو عمران خان ان کیخلاف کیس کریں ۔

 

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ اگر ثابت کرنا ہے آپ دیانتدار ہیں تو اس فنانشل اسٹوری کا ہی حساب دے دیں ۔ خان صاحب اب لیکچر دینا بند کریں اور الزامات کا جواب دیں ۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس 8 سال سے الیکشن کمیشن میں پڑا ہے ۔ فارن فنڈنگ کیس پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے عمران خان کیخلاف دائر کیا ۔ اکبر ایس بابر نے رقم منتقلی کے تمام شواہد پیش کئے ۔ پی ٹی آئی مختلف حیلے بہانے کرکے یہ فیصلہ رکوانے کی کوشش کر رہی ہے ۔

 

لیگی رہنما نے سوال کیا کہ خان صاحب بتائیں باہر سے پیسے کس ذرائع سے آئے ؟ جتنے بھی پیسے اور ذرائع ہوتے ہیں تمام اکاؤنٹس ڈکلیئر کرنے ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سب سے سچا ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں ۔ عمران خان سب پر انگلی اٹھاتے ہیں ، اب اپنا حساب تو دیں ۔ عمران خان کبھی ہائیکورٹ بھاگتے ہیں تو کبھی سپریم کورٹ کہ کیس کی کارروائی روکی جائے ۔ چیرٹی کیلئے لیا گیا پیسہ پاکستان لایا گیا اور پارٹی فنڈز میں لگا دیا گیا ۔

 

محمد زبیر نے کہا کہ عمران خان 30 سال سے سبق دے رہے ہیں وہ قوم ترقی نہیں کرتی جہاں 2 طرح کے قوانین ہوں ۔ پاکستان میں 2 قوانین ہیں ، ایک عمران خان کیلئے اور دوسرا عوام کیلئے ۔ عمران خان کہتا ہے میں حساب کتاب نہیں دوں گا ۔

 

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جسٹس ثاقب نثار نے صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دیا تھا ۔ عمران خان اگر صادق اور امین ہیں تو آئیں حساب کتاب دیں ۔ عمران خان صادق اور امین ہیں تو اپنی تلاشی دے دیں ۔ عمران خان کو حساب دینے کا کہہ رہے ہیں ، جیل میں بند نہیں کر رہے ۔ الیکشن کمیشن میں ن لیگ کا کیس الگ ہے ، پی ٹی آئی کا کیس مختلف ہے ۔

 

لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں ہم نے سب کچھ بھگتا ۔ مسلم لیگ (ن) کیخلاف جھوٹے کیس بنائے گئے ، پارٹی کے تمام رہنما جھوٹے کیسز کے باوجود عدالتوں میں پیش ہوئے ۔ مریم نواز پر جھوٹے کیس بنائے گئے آج بھی وہ عدالت پیش ہو رہی ہیں ۔ شہباز شریف وزیر اعظم ہیں اس کے باوجود عدالت حاضر ہوتے ہیں ۔ شہباز شریف کیخلاف ایک چھوٹی سی اسٹوری چھپی تھی تو پوری پی ٹی آئی پیچھے آگئی ۔ برطانیہ کی عدالت نے پوری چھان بین کی اور شہباز شریف کو کلین چٹ دی ۔

 

 

 

 

 

تبصرے بند ہیں.