روس نے چین کی ‘ون چائنا پالیسی’ کی حمایت کر دی

21

ماسکو: روس کی وزارت خارجہ نے چین کی ‘ون چائنا پالیسی ‘کی حمایت کر دی ۔

 

تفصیلات کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ چین کی ون چائنا پالیسی پر روسی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔ روسی وزیر خارجہ کی جانب سے یہ بیان چینی صدر کے امریکی صدر کو تائیوان معاملے میں مداخلت سے خبردار کرنے کے بعد آیا ہے ۔

 

واضح رہے کہ رواں ہفتے چین کے صدر شی جن پنگ کا امریکا کے صدر جو بائیڈن سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں تائیوان کے معاملے پر جامع گفتگو ہوئی ۔

 

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق دونوں صدور کے درمیان گفتگو 2 گھنٹے تک جاری رہی ۔ اس موقع پر شی جن پنگ نے اپنے ہم منصب کو تائیوان میں آگ سے نہ کھیلنے کا مشورہ دیا ۔ چینی صدر نے کہا کہ جو لوگ آگ سے کھیلتے ہیں وہ اُس میں ہی جل کر راکھ ہوجاتے ہیں ۔

 

جو بائیڈن نے شی جن پنگ سے کہا کہ امریکا تائیوان کی حیثیت کو تبدیل کرنے کے کسی بھی یکطرفہ اقدام کی سختی سے مخالفت کرتا ہے ، انہوں نے واضح کیا کہ تائیوان کے بارے میں امریکی پالیسی تبدیل نہیں ہوگی ۔

 

یاد رہے کہ چین تائیوان کو اپنا حصہ تصور کرتا ہے جبکہ تائیوان خود کو ایک الگ ریاست سمجھتا ہے اور اس معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے تنازع چلا آرہا ہے ۔

 

 

 

 

 

تبصرے بند ہیں.