گال: سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 246 رنز سے شکست دے کر 2 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔ قومی ٹیم 508 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 261 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق گال انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے 508 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ناکام ہو گئی اور کپتان بابراعظم اور امام الحق کے علاوہ کوئی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، بابراعظم نے 81 رنز جبکہ امام الحق نے 49 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے دیگر بلے بازوں میں عبداللہ شفیق 16، محمد رضوان 37، فواد عالم 1، آغا سلمان 4، محمد نواز 12، یاسر شاہ 27، حسن علی 11، نعمان علی صفر اور نسیم شاہ 18 رنز بنا سکے۔
سری لنکا کی جانب سے پراباتھ جے سوریا نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 32 اوورز میں 117 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور رمیش مینڈس نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں سری لنکن کرکٹ ٹیم نے پہلی اننگز میں دنیش چندی مل کے 80، نیروشن ڈیکویلا کے 51، اوشادا فرنینڈو کے 50، میتھیوز کے 42 اور دیموتھ کرونارتنے کے 40 رنز کی بدولت 378 رنز بنائے تھے۔
سری لنکا کی پہلی اننگز کے جواب میں قومی ٹیم صرف 231 رنز بنا سکی تھی۔ آغا سلمان 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے جبکہ امام الحق 32، محمد رضوان 24، فواد عالم 24 اوریاسر شاہ 26 رنز بنا سکے تھے۔
تبصرے بند ہیں.