وزیراعظم اور ان کی کابینہ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے پی ٹی آئی کا عدالت سے رجوع

59

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماءعندلیب عباس اور حسان نیازی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں وفاقی حکومت، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ 
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمات زیر سماعت ہیں جبکہ شہباز شریف اور ان کی کابینہ نے لندن دورے کے دوران اشتہاری ملزمان سے ملاقات کی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے ترکی دورے کے دوران اشتہاری سلمان شہباز کو سرکاری دورے میں شامل کیا، سلمان شہباز اور ان کی اہلیہ کو سرکاری دورے کرانا قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ 
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اپنے اختیارات کا غلط استعمال کر کے آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، لہٰذا لاہور ہائیکورٹ شہباز شریف اور ان کی کابینہ کو عہدوں سے ہٹائے اور نگران وزیر اعظم کی تعیناتی کا حکم دے۔

تبصرے بند ہیں.