پریس کانفرنس میں سپریم کورٹ پر براہ راست حملہ لانچ کیا گیا: فواد چودھری

19

اسلام آباد: رہنما تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا ہے کہ پریس کانفرنس میں سپریم کورٹ پر براہ راست حملہ لانچ کیا گیا ، وزرا نے پورے جتھے کی سربراہی کی ۔

 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ فلم لندن نہیں جاؤں گی کے کردار پریس کانفرنس میں موجود تھے ۔ مریم نواز ضمانت پر ہونے کے باوجود عدلیہ کیخلاف پریس کانفرنس کرتی رہیں ۔ اس سے زیادہ لحاظ کیا ہوگا ، اتنا لحاظ کسی کا نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ مریم نواز کو کس حیثیت میں وزیراعظم ہاؤس آڈیٹوریم دیا کہ وہ پریس کانفرنس کریں ۔ حکومت نے سپریم کورٹ کو دباؤ میں لانے کا کام کیا ۔

 

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ فضل الرحمان کل سے دھمکیاں دے رہے ہیں ، ان کا پنجاب سے کیا تعلق ہے ۔ انہوں نے اپنی باتوں سے سپریم کورٹ کو اڑانے کی کوشش کی ۔ پنجاب میں الیکشن ہوئے جے یو آئی کی کتنی نشستیں ہیں ؟ 11 پارٹیاں بنا کر کہا جاتا ہے تمام پارٹیز اکٹھی ہوچکی ہیں ۔ ان تمام جماعتوں نے مل کر بھی عمران خان سے شکست کھائی ہے ۔

 

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ لوگ سپریم کورٹ کو بلیک میل کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔ ہمارا مطالبہ ہے ان جماعتوں کے قائدین کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں ۔ یہ سب ملک سے فرار ہونے کی کوشش کریں گے ۔ سپریم کورٹ ججز کیخلاف ہم نے بیٹھ کر پریس کانفرنس نہیں کی ۔ عمران خان نے پاکستان کو سری لنکا بننے سے بچایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عدلیہ کے بعد اگلی مہم فوج کے کچھ افسران کیخلاف لائے گی ۔ یہ چاہتے ہیں عدلیہ اور فوج کو دباؤ میں لے کر آئیں ۔

 

فواد چودھری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں پرویزالٰہی کو دیا ہوا ووٹ کینسل کردیا گیا ، کیا یہ مذاق ہے ۔ اب ان لوگوں کا کہنا ہے فل بینچ بنائیں ۔ ہمارا مطالبہ تھا سپریم کورٹ کو رات کو ہی درخواست کو سننا چاہئے ۔ عدالت سے درخواست ہے پنجاب کے وزیراعلیٰ کے کیس کا فیصلہ کرے ، حمزہ شہباز اگر وزیراعلیٰ بنا ہوا ہے تو سپریم کورٹ کے آرڈر پر بنا ہوا ہے ۔

 

آصف زرداری پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیر نے کہا کہ پورا سندھ ڈیم بن گیا ہے ، آپ پنجاب کی حکومت بچانے چل پڑے ہیں ۔ سندھ کے پاس اب تک 7 ہزار کروڑ روپے جاچکے ہیں یہ پیسے کدھر ہیں ۔ آصف زرداری فرار ہوگئے یہ جانتے ہوئے کہ ان کی حکومت چند روز کی رہ گئی ۔ یہ لوگ چند روز کے مہمان ہیں ، کچھ نے تو سامان بھی پیک کرلیا ہے ۔ آپ لوگوں میں ذرا سی بھی شرم ہوتی تو استعفیٰ دے دیتے ۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

تبصرے بند ہیں.