نیپرا نے بجلی 7.91 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی

12

اسلام آباد: حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک بار پھر بجلی گرا دی ہے اور فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 7.91 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے تمام ڈسکوز اور کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے الیکٹرک) کیلئے یکساں ٹیرف کے حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر فیصلہ جاری کر دیا۔ 
نیپرا کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اتھارٹی نے وفاقی حکومت کی جانب سے یکساں ٹیرف کے حوالے سے دائر کی گئی درخواست منظور کرتے ہوئے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 7.91 روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ 
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے تمام ڈسکوز بشمول کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے الیکٹرک) کا بنیادی ٹیرف یکساں کرنے کی درخواست کی تھی جس پر 20 جولائی کو عوامی سماعت ہوئی اور آج اس حوالے سے فیصلہ جاری کیا گیا ہے۔ 
نیپرا کے اعلامیہ کے مطابق اتھارٹی نے بنیادی ٹیرف میں 7روپے 91پیسے فی یونٹ کو 3مراحل میں لاگو کرنے کی منظوری دی ہے جس پر جولائی ، اگست، ستمبر اور اکتوبر سے عملدرآمد ہو گا۔ 
اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اتھارٹی کی جانب سے کئے گئے اس فیصلے کا نیپرا لائف لائن اور پروٹیکٹڈ صارفین پر اطلاق نہیں ہو گا جبکہ اس فیصلے پر عملدرآمد وفاقی حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کئے گئے جانے کے بعد کیا جائے گا۔ 

تبصرے بند ہیں.