چیف جسٹس نے پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کیلئے بینچ تشکیل دیدیا

22

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاءبندیال نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کیخلاف چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کیلئے بینچ تشکیل دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس عمر عطاءبندیال نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے معاملے پر چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کیلئے بینچ تشکیل دیدیا ہے جس کی سربراہی وہ خود کریں گے جبکہ جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بھی بینچ کا حصہ ہیں جو آج درخواست پر سماعت کرے گا۔ 
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس عمر عطاءبندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پہنچ گئے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قانونی ٹیم کے علاوہ چوہدری پرویز الٰہی کے وکلاءبھی پہنچ چکے ہیں، اور جلد ہی سماعت شروع ہونے کا امکان ہے۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والی ووٹنگ کے نتیجے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کو 186 ووٹ ملے جبکہ حمزہ شہباز شریف نے 179 ووٹ حاصل کئے۔ 
ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ڈپٹی سپیکر دوست مزاری نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا خط پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے (ق) لیگ کے ارکان کو حمزہ شہباز کو ووٹ ڈالنے کی ہدایت کی تھی۔ 
ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ اس خط کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں (ق) لیگ کے جتنے بھی ووٹ کاسٹ ہوئے وہ مسترد ہوتے ہیں اور میں اعلان کرتا ہوں کہ 10 ووٹ ختم ہونے کے بعد حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہو گئے ہیں۔ 
بعد ازاں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) نے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر دوست مزاری کی رولنگ کے خلاف سپریم کورٹ رجسٹری میں درخواست دائر کی تھی۔ 
مسلم لیگ (ق) کے رہنماءچوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے ایڈووکیٹ عامر سعید راں نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کی جس میں حمزہ شہباز، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی اور چیف سیکرٹری کو فریق بنایا گیا۔ 

تبصرے بند ہیں.