وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب، آصف زرداری نے صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا

107

لاہور: پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا ، اجلاس بلاول ہاؤس بحریہ ٹاون میں چار بجے ہوگا ۔

 

تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر پنجاب پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے ارکان پنجاب اسمبلی شریک ہوں گے ۔ اجلاس میں کل وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی ۔

 

آصف علی زرداری اپنے اتحادی جماعتوں سے رابطوں کے حوالے سے پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیں گے ۔

 

اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا تھا کہ آصف زرداری کا نام لیکر پی ٹی آئی سستی شہرت حاصل کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے ۔

 

رہنما پیپلزپارٹی نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی بتائے کہ جلیل شرقپوری اور فیصل نیازی کی خرید و فروخت کس نے کی ؟ عمران نیازی نے تو حاجیوں کو بھی نہ بخشا اور حج پر گئے ہوئے الیاس چنیوٹی کو دس کروڑ کی آفر کرادی ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو زرداری فوبیا ہوگیا ہے ، پی ٹی آئی کے سیاسی بونے گھٹیا الزامات سے باز رہیں ۔

 

حسن مرتضیٰ نے کہا کہ آصف علی زرداری نے پاکستان کو اٹھارویں ترمیم ، این ایف سی ایوارڈ اور سیاسی استحکام بخشا ۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری سافٹ ٹارگٹ اس لیے ہے کہ وہ مفاہمت کی سیاست کرتا ہے اور مُسکرا کر ملتا ہے ۔ پاکستان کے تمام سیاسی خانوادے آصف زرداری کی بات مانتے ہیں جبکہ عمران نیازی دوغلی سیاست کرتا ہے ۔

 

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سب سے پہلے سیاسی لوٹے پیپلزپارٹی کیخلاف ہی ایجاد کیے گئے ۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے کبھی لوٹا کریسی کی سیاست نہیں کی ۔ آصف زرداری کا طرزِ سیاست مفاہمت جبکہ عمران نیازی کی سیاست منافقت پر مبنی ہے ۔

 

 

 

 

 

 

تبصرے بند ہیں.