اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی الیکشن کے التوا پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ الیکشن کمیشن کے ہوتے ہوئے صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن نہیں کروائے جا سکتے۔
تفصیلات کے مطابق اسد عمر نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام بھی الیکشن کمیشن کا نیا فیصلہ سن کر یقینا حیران ہو گئے ہوں گے، کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات کو ووٹنگ سے 3 دن قبل ملتوی کر دیا گیا اور وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ بارش ہو گی، مجھے یقین ہے کہ آپ کو بھی اس مضحکہ خیز فیصلے پر اعتبار نہیں آ سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن مکمل طور پر جانبدار ہوچکا ہے اور کوئی پاکستانی یقین نہیں کرسکتا کہ اس الیکشن کمیشن کے ہوتے ہوئے صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کروائے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جماعتیں اپنے بچاﺅ کیلئے بھاگی بھاگی الیکشن کمیشن گئی تھیں، وہ دیکھ چکی تھیں کہ جس طرح 17 جولائی کو پنجاب میں بلا چلا اس خوف سے یہ بھاگے لیکن اب یہ بچ نہیں سکتے کیونکہ قوم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ اپنی حقیقی آزادی لے کر رہیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کر دیا تھا اور ترجمان کا کہنا تھا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ اب 28 اگست 2022 کو ہو گا، فیصلہ صوبائی الیکشن کمشنر، عوام کی درخواستوں اور محکمہ موسمیات کی رپورٹ پرکیا گیا۔
تبصرے بند ہیں.