اسلام آباد: کراچی کے بجلی صارفین کیلئے بری خبر ہے کہ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے الیکٹرک) نے بجلی کی قیمت میں 11 روپے 39 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی والوں کیلئے بجلی 11 روپے 39 فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو جمع کروائی ہے جس پر 28 جولائی کو سماعت کی جائے گی۔
دوسری جانب سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) حکام نے بھی جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 9 روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافے کی سمری ارسال کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ 13 ارب یونٹ بجلی پیدا ہوئی جس پر 213 ارب روپے لاگت آئی۔
ملک میں فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت فی یونٹ 36 روپے 20 پیسے، کوئلے سے 20 روپے 80 پیسے، مقامی گیس سے 8 روپے 92 پیسے، ایل این جی سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 28 روپے 38 پیسے جبکہ ایران سے 19 روپے 57 پیسے فی یونٹ میں بجلی درآمد کی گئی۔
تبصرے بند ہیں.