عالمی اداروں سے جلد ڈالرز آنے شروع ہو جائیں گے اور روپیہ مستحکم ہو گا: مفتاح اسماعیل

12

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف)سے معاہدہ ہوچکا ہے اس میں کوئی خلل نہیں، ورلڈ بینک اور ایشیائی بینک کے پیسے بھی آنا شروع ہوجائیں گے جس کے بعد روپیہ مستحکم ہونا شروع ہو جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے گزشتہ تین مہینوں میں درآمدات کم کرنے کی کوشش کی اور ہم امپورٹ کو ایکسپورٹ اور ترسیلات زر کے برابر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں اور موبائل کی امپورٹس سمیت بہت سی چیزوں کی امپورٹ پر پابندی لگانے کا فائدہ ہوا مگر کچھ پر نہیں ہوا، جولائی میں 2.6 ملین ڈالرز کی امپورٹ ہوئی۔ ڈالر صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ عالمی مارکیٹ میں بھی مضبوط ہو رہا ہے جس کا اثر پاکستانی کرنسی پر بھی پڑ رہا ہے۔ 
انہوں نے بتایا کہ رعایت دے رہے تھے تو بہت سے ڈیلروں نے تیل ذخیرہ کر لیا اور قیمت میں اضافے سے انہیں فائدہ ہوا، آج پاکستان میں 60 دن کا ڈیزل ہے جبکہ ایک دوست ملک نے 1.2 ارب ڈالرکی تیل فنانسنگ کا کہا ہے، اس کے علاوہ انرجی امپورٹ کم ہوجائے گی۔
مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) معاہدے میں خلل پڑے، ایک دوست ملک ایک ارب ڈالرز سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کرے گا۔
ملک میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ ڈالرصرف پاکستانی روپیہ پر نہیں بلکہ دنیا کی تمام کرنسی سے آگے بڑھا ہے تاہم گزشتہ 2 دن میں بڑے اضافے کی وجہ سیاسی صورتحال اور ہلچل تھی۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ معیشت اب بھی اچھی چل رہی ہے مگر اگست میں چیزیں ہموار ہوجائیں گی اور سیاسی صورتحال نارمل ہو جائے گی، حکومت کی کوشش ہے کہ گندم کی اچھی فصل آئے اور اس مقصد کیلئے کسانوں کو سہولت دے رہے ہیں، ملک میں شوگر کی پیداوار بھی بہتر رہے گی، آج 2 لاکھ ٹن یوریا امپورٹ کی اجازت دی ہے۔

تبصرے بند ہیں.