ڈالر 225 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا 

79

لاہور: پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری ہے جو آج انٹربینک میں 225 روپے 12 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد پنجاب میں غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث روپے کی قدر میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے اور ڈالر کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ 
آج کاروباری دن کے آغاز پر امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا جو انٹربینک میں 2 روپے 80 پیسے مہنگا ہو کر تاریخ کی بلند ترین سطح 218 روپے پر پہنچ گیا۔ 
کاروبار کے دوران بھی ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا اور اس کی قیمت میں مجموعی طور پر 9 روپے 92 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 225.12 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ 
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروباری ہفتے کے آغاز پر بھی ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا اور کاروباری دن کے اختتام تک ڈالر 215.20 روپے پر بند ہوا تھا۔ 
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری غیر یقینی سیاسی صورتحال کی وجہ سے ڈالر بڑھ رہا ہے کیونکہ ضمنی الیکشن کے بعد سیاسی بے یقینی میں اضافہ ہوا اور حکومت کی وہ صورتحال نہیں رہی جو 4 روز قبل تھی۔ 
ماہرین کے مطابق ڈالر ایک روپیہ بڑھنے سے 100 ارب روپے قرض بڑھ جاتا ہے جبکہ ڈالر کی قدر میں اضافے کی بڑی جہ بیرونی ادائیگیاں بھی ہیں۔ 
ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ فچ کی رپورٹ آنے سے بھی معاشی صورتحال پر فرق پڑا ہے اور پاکستان میں مہنگائی کی شرح 21 فیصد سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.