لاہور: حکومتی اتحادی جماعتوں اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے قائدین کا اہم اجلاس آج لاہور میں ہو گا جس میں ملکی صورتحال اور اہم امور پر مشاورت کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر حکومت کی اتحادی جماعتوں اور پی ڈی ایم کے قائدین آج لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر جمع ہوں گے اور پنجاب کے ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد کی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری بھی لاہور پہنچ چکے ہیں جو وزیراعظم شہباز شریف سمیت پی ڈی ایم کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بھی صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب کر رکھا ہے جس میں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور حمایتی آزاد ارکان اسمبلی شرکت کریں گے جبکہ ضمنی انتخابات کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اتوار کو پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 15 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) صرف چار نشستیں جیت سکی جبکہ ایک نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔
یاد رہے کہ ضمنی انتخابات میں شکست پر پارٹی رہنماؤں نے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنی رپورٹ پیش کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے جن امیدواروں کو ٹکٹ دیا وہی شکست کا باعث بنے ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موزوں امیدوار نہ ہونے کے باعث (ن) لیگی ووٹرز نے ووٹ نہیں ڈالا اور (ن) لیگ کے رہنماءاپنے ووٹرز کو پولنگ کے دن گھروں سے بھی نہیں نکال سکے۔
حلقوں میں لیگی کارکنوں نے مخالف پارٹی سے منحرف ہو کر آنے والوں کو دل سے قبول نہیں کیا جبکہ پارٹی عہدیداروں، پرانے ٹکٹ ہولڈرز اور سابقہ بلدیاتی نمائندوں نے بھی انتخابی مہم میں جان نہیں لڑائی۔
Next Post
تبصرے بند ہیں.