پی پی 7 راولپنڈی سے شکست کھانے والے پی ٹی آئی امیدوار نے نتائج مسترد کر دئیے

351

راولپنڈی: پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 7 راولپنڈی کے ضمنی انتخابات میں شکست کھانے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار شبیر اعوان نے نتائج کو مسترد کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شبیر اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم 4 ہزار کی برتری سے جیت رہے تھے، لہٰذا دوبارہ گنتی کی درخواست دیں گے۔ 
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما بابراعوان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے انتہائی بے نظمی کا مظاہرہ کیا گیا، یہ الیکشن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جیت چکی ہے جبکہ ووٹوں کی کھلی گنتی ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ پی پی 7 راولپنڈی کے تمام 260 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راجہ صغیر احمد 68 ہزار 906 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کے محمد شبیر اعوان 68 ہزار 857 ووٹ حاصل کر سکے اور یوں صرف 49 ووٹوں سے انہیں شکست ہوئی۔ 
یاد رہے کہ صوبائی حلقہ پی پی 7 کے نتائج کا باضابطہ اعلان ریٹرننگ آفیسر (آر او) رائے سلطان بھٹی نے پریس کانفرنس میں کرتے ہوئے کہا کہ نتائج میں تاخیر پہاڑی علاقوں کی وجہ سے ہوئی، یہ پنجاب کا سب سے بڑا حلقہ ہے، اور اگر آر او دوبارہ گنتی کرتا ہے تو تمام امیدواروں کو نوٹس جاری کیا جائے گا۔ 

تبصرے بند ہیں.