مشکل فیصلوں کا نقصان مسلم لیگ (ن) کو ہوا: نواز شریف

46

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پنجاب کے ضمنی انتخابات کے نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل فیصلوں کا نقصان مسلم لیگ (ن) کو ہوا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز سے رابطہ کیا اور ضمنی انتخابات کے نتائج کے تناظر میں آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کرتے ہوئے پارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی۔ 
پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کا کہنا تھا کہ مشکل فیصلوں کا نقصان (ن) لیگ کو ہوا ہے لیکن ہم عوام کی رائے کا احترام کرتے ہیں۔ 
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واضح نتائج آنے کے بعد ہنگامی اجلاس میں آئندہ مرحلے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوئے جن میں سے 15 نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کامیابی حاصل کی جبکہ مسلم لیگ (ن) 4 سیٹیں جیت سکی اور ایک حلقے میں آزاد امیدوار کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔ 
ان نتائج کے ساتھ ہی پنجاب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ہاتھ سے نکل گیا ہے اور حمزہ شہباز شریف نے 2 ماہ 17 دن بعد وزارت اعلیٰ پر برقرار رہنے کے بعد اکثریت کھو دی ہے اور اب پرویز الٰہی وزیراعلیٰ ہوں گے۔ 

تبصرے بند ہیں.