پنجاب ضمنی انتخاب، یاسمین راشد کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

7

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے ضمنی انتخابات کیلئے جاری ووٹر لسٹوں کیخلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر عائد اعتراض ختم کرکے اسے سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہو ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے ڈاکٹر یاسمین کی درخواست پر اعتراض کی سماعت کی جس کے بعد رجسٹرار آفس کا درخواست کے ساتھ مصدقہ نقول نہ لگانے کا اعتراض ختم کر دیا گیا۔ 
واضح رہے  کہ سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے ضمنی انتخابات کیلئے جاری ووٹر لسٹیں چیلنج کر رکھی ہیں او ر درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) صوبائی الیکشن کمیشن اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماء ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہورمیں انتخابی حلقوں میں ووٹر لسٹوں میں ردوبدل کرکے فراڈ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے درخواست میں کہا کہ ضمنی انتخاب کے حلقوں میں دوسرے حلقوں کے ووٹرز کو لسٹوں میں شامل کیا گیا ہے لہٰذا ووٹر لسٹوں کو الیکشن ایکٹ اور رولز سے متصادم قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔ 
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 25 مئی کے نوٹیفکیشن سے پہلے کی ووٹر لسٹوں پر ضمنی انتخاب کرانے کا حکم دیا جائے جبکہ ضمنی انتخابات میں حکومتی مشینری کے بے دریغ استعمال کو بھی روکا جائے۔

تبصرے بند ہیں.