پی ٹی آئی کا بشریٰ بی بی کی فون ٹیپنگ کے فرانزک ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ

19

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی فون ٹیپنگ کے فرانزک ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں فرح بی بی کو ایک پلاٹ ملا وہیں ایاز صادق کو دو پلاٹ ملے، کیا ایاز صادق بھی فرح بی بی کے پارٹنر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میں پی ٹی آئی رہنماؤں فواد چوہدری اورشیریں مزاری نے میڈیا سے گفتگو کی جس دوران شیریں مزاری نے کہا کہ یہ سب کچھ سازش چھپانے کیلئے کیا جا رہا ہے اور یہ وہ لوگ کر رہے ہیں جو حکومت کو لے کر آئے، سپریم کورٹ عمران خان کے گھر فون ٹیپ کرنے کا نوٹس لے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ 2015ءمیں ثاقب نثار کے دور میں پتہ چلا کہ فون ٹیپنگ ہو رہی ہے، سپریم کورٹ نے آفیشل اور ان آفیشل فون ٹیپنگ سے منع کیا اور عدالت عظمیٰ نے بار بار فیصلہ دیا کہ فون ٹیپنگ جرم ہے، فون ٹیپنگ کر کے پوری حکومت گرائی گئی، سوال یہ ہے کہ فون ٹیپنگ کیوں ہو رہی ہے، عمران خان کے گھر کی فون ٹیپنگ کی گئی اور جب وہ وزیراعظم تھے تو اس وقت سیکیور لائن کی ٹیپنگ ہو رہی تھی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز ہر روز حکومت میں مداخلت کرتی ہیں، مریم نواز سزا یافتہ ہیں اور کس حیثیت سے سرکاری دستاویزات دکھائے جارہے ہیں؟ نیوٹرلز اور کرائم منسٹر سے پوچھنا چاہتے ہیں یہ سب کیوں ہورہا ہے۔ عمران خان کے خلاف کرپشن پر کچھ نہیں مل رہا تو فیملی کو نشانہ بنا رہے ہیں، کس نے کیا کردار ادا کیا سب واضح طور پر سامنے آ رہے ہیں۔ 
شیریں مزاری نے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی فون ٹیپنگ فرانزک کے بعد معلوم ہو گا کہ یہ اصلی ہے یا نقلی، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق فون ٹیپنگ غیر قانونی ہے اور اس ساری گفتگو کو کٹ پیسٹ کیا گیا ہے تاہم اس میں کوئی سیاسی بات نہیں ہے۔ 
انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی اس حکومت کو امداد دینے کو تیار نہیں، سب کو معلوم ہے کہ قوم نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کر دیا ہے، حالات بہت برے ہیں اور تین ماہ میں ریزرو آدھے ہو گئے ہیں۔ 
سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مسلسل فون ٹیپ کر کے لیک کئے جارہے ہیں اور فرح بی بی پربھی الزامات لگائے جارہے ہیں، آپ فرح بی بی پر مقدمہ کریں تاکہ وہ جواب دیں لیکن جب مقدمہ ہی درج نہیں ہوا تو وارنٹ کیسے جاری ہو سکتے ہیں۔ جہاں فرح بی بی کو ایک پلاٹ ملا وہیں سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو دو پلاٹ ملے تو کیا وہ بھی فرح بی بی کے پارٹنر ہیں؟ 
فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ ان کے پاس ایندھن منگوانے کے پیسے نہیں، بتایا جا رہا ہے کہ عیدالاضحی پر بھی لوڈشیڈنگ ہو گی۔ انہوں نے انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کی تمام شرائط فوراً مان لیں مگر اس کے باوجود پیکیج نہیں مل رہا، انہوں نے نیب ترامیم کرکے 1100 ارب کا این آر او ٹو لیا۔ 

تبصرے بند ہیں.