سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ 24 جولائی کو ہو گی

6

کراچی: سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ 24 جولائی کو ہو گی۔ 
تفصیلات کے مطابق کراچی کے 5 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز میں انتخابی عملے کی تعداد 62 ہزار 174 ہو گی جبکہ ووٹرز کی مجموعی تعداد 84 لاکھ 5 ہزار 475 سے زائد ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ 7 اضلاع اور 25 ٹاؤنز کی 246 یونین کمیٹیوں پر بلدیاتی انتخابات ہوں گے جبکہ 984 وارڈز پر امیدواروں کی مجموعی تعداد 9 ہزار 150 ہے۔ 
الیکشن کمیشن کے فارم 8 کے اعدادو شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع ملیر کی یونین کمیٹی 10 ریڑھی گوٹھ میں چیئرمین اور وائس چیئرمین بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں جبکہ کراچی ڈویژن کی 3 یونین کمیٹیوں کی نشست پر 6 امیدوار بلامقابلہ کامیاب قرار پائے ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق ضلع بدین کی 498 میں سے 45 نشستوں اور ٹھٹھہ کی 272 مجموعی نشستوں میں سے 83 پر امیدوار جبکہ سجاول کی 253 میں سے 99 نشستوں اور سجاول اور ٹھٹھہ کی 1023 نشستوں میں سے 227 پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.