بجلی کا بحران مزید سنگین ہو گیا، شارٹ فال 8 ہزار میگاواٹ سے بھی تجاوز کر گیا

81

اسلام آباد: گرمی اور مہنگائی کے ستائے عوام کا لوڈشیڈنگ نے بھی جینا دوبھر کر رکھا ہے اور بری خبر یہ ہے کہ ملک میں بجلی کا بحران مزید سنگین ہو گیا ہے اور بجلی کا شارٹ فال 8 ہزار 911 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے۔ 
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 30 ہزار233 میگا واٹ تک جبکہ بجلی کی کل پیداوار21 ہزار 322 میگا واٹ ہے اور بجلی کا شارٹ فال 8 ہزار911 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے اور کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹوں تک پہنچ چکا ہے۔ 
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے سے تجاوز کرچکا ہے جبکہ نقصانات کے باعث 2 ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی ضائع ہورہی ہے اور زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 20 گھنٹے تک ہے۔
پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق ٹرپنگ اور اوورلوڈنگ کے باعث بعض علاقوں میں گھنٹوں طویل لوڈشیڈنگ ہے جبکہ ملک کے بیشتر فیڈرز پر ٹرپنگ اور ترسیلی نظام میں خرابیوں کا سامنا ہے۔
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) 500 میگاواٹ، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کو 693 میگا واٹ تک بجلی کی کمی کا سامنا ہے، اسلام آباد میں 10سے 12اور گردونواح میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ ہے۔

تبصرے بند ہیں.