پاکستان نے 11 ماہ میں 13 ارب 53 کروڑ ڈالرز سے زائد کا قرضہ لیا

19

اسلام آباد: پاکستان نے رواں مالی سال کے 11 ماہ میں 13 ارب 53 کروڑ ڈالرز سے زائد کا غیرملکی قرضہ لیا جس میں سعودی عرب سے ملنے والے تین ارب ڈالر بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزارت اقتصادی امور کی جانب سے بیرونی قرضوں سے متعلق رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق پاکستان رواں مالی سال کے 11 ماہ میں ساڑھے 13 ارب ڈالرز سے زائد کا بیرونی قرضہ حاصل کر چکا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے 11 ماہ میں 14 ارب ڈالر سے زائد بیرونی قرض کا تخمینہ تھا جس میں سے 13 ارب 53 کروڑ سے زائد کا قرضہ وصول کیا گیا جبکہ اس میں سعودی عرب سے سیف ڈیپازٹ کی مد میں حاصل کئے گئے تین ارب ڈالرز بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان نے مئی کے مہینے میں 50 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا بیرونی قرض حاصل کیا تاہم رواں مالی سال کے ماہ مئی میں کمرشل بینکوں سے کوئی قرضہ نہیں لیا گیا۔
وزارت اقتصادی امور کی جارہ کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیرونی قرضوں میں 4 ارب 25 کروڑ ڈالر سے زائد کے کثیر الجہتی قر ض لئے گئے جس میں غیر ملکی کمرشل بینکوں سے لیا گیا 2 ارب 62 کروڑ ڈالر سے زائد کا قرض بھی شامل ہیں۔
پاکستان کی جانب سے گیارہ ماہ میں 59 کروڑ 33 لاکھ ڈالر سے زائد کے دو طرفہ قرض لئے گئے جبکہ بانڈز کے اجراءسے 2 ارب ڈالرز سے زائد کا قرضہ حاصل کیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.