اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن ملتوی

54

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کر دیے گئے۔

 

وفاقی دارالحکومت  کے بلدیاتی الیکشن سے متعلق ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، اس دوران اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے  الیکشن کمیشن کے حکام سے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن نے کیا فیصلہ کیا ہے؟

الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات پر حکومتی نوٹیفکیشن کے تحت وضاحتی مؤقف دیا ہے۔چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے دریافت کیا کہ یہ بتائیں کتنے دنوں میں الیکشن ہو گا؟ جس پر الیکشن کمیشن حکام نے اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ  60 سے 65 دنوں میں الیکشن کرائے جا سکتے ہیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ کچھ شکایات آئی ہیں وہ بھی دیکھ لیں، ووٹ کو ایک وارڈ سے دوسرے وارڈ میں منتقل نہ کیا جائے۔

الیکشن کمیشن کے حکام نے عدالت میں واضح کیا کہ پہلے نئی حلقہ بندیاں کریں گے، پھر بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کریں گے، عدالت وفاقی حکومت کو بلدیاتی انتخابات کے لیے تعاون کا حکم دے، 60 روز میں نئی حلقہ بندیاں کر کے الیکشن کے شیڈول کا اعلان کریں گے، حکومتیں بلدیاتی الیکشن میں رکاوٹیں ڈالتی ہیں، عدالت وفاقی حکومت کو بلدیاتی انتخابات کی آئینی ذمے داری پوری کرنے کا حکم دے جس پر چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ انتخابات روکنے کی درخواستیں تو غیر مؤثر ہو گئیں۔

تبصرے بند ہیں.