عمران خان پر قاتلانہ حملے کا خدشہ، سی ٹی ڈی نےخبردار کر دیا

135

پشاور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خطرے سے خبردار کر دیا۔

 

سی ٹی ڈی کے خیبرپختونخوا ونگ کی جانب سے جاری کردہ تھریٹ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد عمران خان کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس کے لیے  افغانستان میں ایک قاتل سے مدد مانگ لی ہے۔ تھریٹ الرٹ کا متن مختلف فورمز پر شیئر کیا گیا ہے جس کے مطابق ایک افغان ٹارگٹ کلر کو عمران خان کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

سی ٹی ڈی نے تمام متعلقہ اداروں کو تھریٹ الرٹ کے پیش نظر سابق وزیراعظم کی سیکیورٹی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دریں اثنا کے پی کے ایک سینئر پولیس اہلکار نے تصدیق کی کہ سی ٹی ڈی نے 18 جون کو الرٹ جاری کیا تاہم انہوں نے کہا کہ دھمکی کو خفیہ رکھنے اور اسے سوشل میڈیا پر لیک ہونے سے روکنے کے احکامات تھے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے بھی حال ہی میں عمران خان کی جان کو لاحق خطرے کے خدشات کا اظہار کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ انہیں قتل کرنے کے لیے ایک ٹارگٹ کلر کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان نے ہفتے کے روز ٹویٹ کیا کہ کچھ لوگوں نے ایک دہشت گرد کو سابق وزیر اعظم عمران خان کے قتل کا ٹاسک دیا ہے۔سابق صوبائی وزیر نے دعویٰ کیا کہ ‘میرے پاس تفصیلات ہیں کہ کچھ لوگوں نے افغانستان میں ‘کوچی’ نامی دہشت گرد کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو قتل کرنے کا حکم دیا ہے۔

پارٹی کے ایک کارکن کی جانب سے دعویٰ کیاگیا  کہ "قاتل نے اسلام آباد یا راولپنڈی میں رہائش بھی حاصل کر لی ہے”۔

تبصرے بند ہیں.